بلوچستان سے اغواء لیفٹننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا شہید

بلوچستان سے اغواء لیفٹننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا شہید
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق زیارت سے واپسی پر کوئٹہ کے قریب وارچوم کے علاقے سے اغواء کئے گئے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو دہشت گردوں نے شہید کردیا، فرار ہونے کی کوشش کے دوران فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق 12 اور 13 جولائی کی شب 10 سے 12 دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا (ڈی ایچ اے کوئٹہ میں تعینات) اور ان کے کزن عمر جاوید کو زیارت میں قائد اعظم ریذیڈنسی کے دورے سے واپسی پر کوئٹہ کے قریب وارچوم کے علاقے سے اغواء کرلیا تھا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کی کوئیک ری ایکشن فورسز کو دہشت گردوں کی تلاش کیلئے روانہ کیا گیا، جنہوں نے منگی ڈیم کے علاقے میں خفیہ ٹھکانے کی جانب جاتے ہوئے ان کا سراغ لگایا۔ سیکیورٹی فورسز نے ایس ایس جی کے دستوں اور ہیلی کاپٹروں کا استعمال کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 13 اور 14 جولائی کی شب سیکیورٹی فورسز کی ایک ٹیم نے 6 سے 8 دہشت گردوں کے ایک گروپ کو قریبی پہاڑوں کے ساتھ نالے سے جاتے ہوئے دیکھا، اپنے ممکنہ گھیرے جانے کا احساس ہونے پر دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو گولی مار کر شہید کردیا اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں نے فورسز پر بھی فائرنگ کی اور دو بدو مقابلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے، جن سے آئی ای ڈیز، دھماکا خیز مواد اور بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ اس کارروائی کے دوان باقی دہشت گرد دوسرے مغوی عمر جاوید کے ساتھ وقتی طور پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا ہے کہ معصوم یرغمالی شہری کی بازیابی اور مجرموں کو پکڑنے کیلئے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خراب موسم کے باوجود علاقے میں سرچ آپریشن بلا روک ٹوک جاری ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ایسی بزدلانہ کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔