مشہور اداکارہ 'جیب تراش' نکلی، پولیس نے گرفتا کرلیا

مشہور اداکارہ 'جیب تراش' نکلی، پولیس نے گرفتا کرلیا
کلکتہ: (ویب ڈیسک) ایک معروف اداکارہ کا نام چوری کے کیس میں سامنے آرہا ہے۔ حال ہی میں منعقدہ ایک بین الاقوامی کتاب میلے میں اس اداکارہ نے چوری کی جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ تفصیل کے مطابق انٹرٹینمنٹ کی دنیا سے ایک انتہائی چونکا دینے والی خبر سامنے آرہی ہے۔ حال ہی میں ایک معروف اداکارہ کو جیب تراشی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں حیران کن بات یہ ہے کہ اداکارہ نے خود اپنے اوپر لگے الزامات کو قبول کر لیا ہے۔ اداکارہ حال ہی میں منعقدہ ایک کتاب میلے میں گئی تھی، جہاں انہوں نے جیب تراشی کی، پولیس نے انہیں بغیر تاخیر کے حراست میں لے لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اداکارہ کا تعلق انڈیا سے ہے اور اس کا نام روپا دتہ بتایا جا رہا ہے۔ اداکارہ روپا دتہ کو 12 مارچ 2022 کو بین الاقوامی کلکتہ کتاب میلے میں جیب تراشی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے روپا دتہ کے قبضے سے 75,000 روپے برآمد کئے ہیں۔ معلومات کے مطابق بین الاقوامی کلکتہ کتاب میلے میں تعینات پولیس اہلکاروں نے ایک خاتون کو کوڑے دان میں بیگ پھینکتے ہوئے دیکھا۔ پولیس اہلکاروں نے شک کی بنیاد پر خاتون سے پوچھ گچھ کی تو وہ ٹھیک سے جواب نہیں دے رہی تھی۔ خاتون کو اس کے بعد تھانے لے جایا گیا۔ وہاں پوچھ گچھ پر پتہ چلا کہ وہ بنگالی اداکارہ روپا دتہ ہیں۔ انہوں نے بنگالی سمیت کئی ہندی سیریلز میں کام کیا ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران اس اداکارہ نے جیب تراشی کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس روپا دتہ کے حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ روپا دتہ کو اس معاملے میں عدالت لے جایا جائے گا۔ پولیس تفتیش میں اداکارہ نے اعتراف کیا کہ وہ ماضی میں بھی کئی بار ایسے کام کر چکی ہیں۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ چوری کی نیت سے کئی بار پرہجوم علاقے میں جا چکی ہیں۔ کلکتہ کتاب میلے میں آنے کے پیچھے بھی ان کا یہی ارادہ تھا۔ اب تک کی معلومات کی بنیاد پر خیال کیا جا رہا ہے کہ شاید روپا دتہ کلیپٹومینیا کی مریضہ ہیں۔ کلکتہ کے مقامی میڈیا میں چل رہی خبروں کے مطابق روپا نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ اس کے پاس چوری کی رقم کا حساب کتاب کرنے کی ڈائری ہے۔ ڈائری میں وہ چوری کی تمام رقم کا حساب رکھتی ہے۔ خیال رہے کہ چند سال قبل روپا دتہ نے ہندی فلمساز انوراگ کشیپ پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا۔ تاہم اس نے دعویٰ کی حمایت میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا اور نہ ہی کہیں شکایت کی۔ اس وقت یہ بھی کہا گیا تھا کہ انہوں نے بحث میں آنے کے لیے جھوٹے الزامات لگائے تھے۔ روپا دتہ کے ٹوئٹر ہینڈل پر دی گئی معلومات کے مطابق، انہوں نے ٹی وی سیریل 'جے ما وشنو دیوی' میں کردار ادا کیا تھا۔ وہ خود کو ایک مصنف، ہدایت کار اور سماجی کارکن کے طور پر بھی بیان کرتی ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔