’یہ پاکستان کو سری لنکا بنا کر چھوڑیں گے‘

’یہ پاکستان کو سری لنکا بنا کر چھوڑیں گے‘
سیالکوٹ: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جتنے نااہل اور ڈاکو مسلط ہیں یہ پاکستان کو سری لنکا بنا کر چھوڑیں گے۔ سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ساری وفاقی حکومت لندن میں براجمان ہیں، بانی ایم کیوایم لندن میں رابطہ کمیٹی کو بلایا کرتا تھا، یہ لوگ اپنی کابینہ کو لندن بلا رہے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں اس وقت 2 وزیراعظم ، 2 وزیرخارجہ اور دو وزیرخزانہ کام کررہے ہیں، پنجاب میں جعلی وزیراعلیٰ ہے، کابینہ بھی موجود نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 دن میں ڈالر 15 روپے بڑھ چکا ہے، اسٹاک مارکیٹ 3500 پوائنٹس گرچکی ہے، یہ سعودی عرب گئے ان کا خیال تھا پیسہ ملے گا، ان کو امریکا اور دیگر ممالک سے پیسے ملنے کی امید تھی جوپوری نہ ہوئی،۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ؎ پہلے ماہ میں 5 ارب ڈالر فارن ریزرو نکل گیا، ہمارے پاس فارن ریزرو نہیں ہیں، ڈالر کے معاملات کو گورنراسٹیٹ بینک نے دیکھنا ہے جو ہے ہی نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ سب سے بڑا مسئلہ ہے لیکن انرجی کا وزیر ہی نہیں، شعبہ توانائی کے معاملات دیکھنے کے لیے وزیر توانائی ہی نہیں۔ سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی معیشت کو بحران سے نکالا تھا، پاکستان میں معاملات قابو میں آرہے تھے چیزیں بہتر ہورہی تھیں۔ معیشت مستحکم ہورہی تھی، جتنے نااہل اور ڈاکو مسلط ہیں یہ پاکستان کوسری لنکا بنا کر چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج انہوں نے ایک جلسہ روکا اب پورے ملک میں جلسہ ہورہا ہے، آپ اس طرح لوگوں کو نہیں روک سکتے، جلسے روکنے والے معاملات ان کے کامیاب نہیں ہونگے۔ اس وقت پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان اس وقت تحریک کے لیے تیارہوچکا ہے، واحد حل یہ ہے کہ عام انتخابات کا اعلان کریں، ان گرفتاریوں اور رکاوٹوں سے تحریک رکنے والی نہیں ہے، پاکستان کےعوام کو اپنی حکومت چننے کا حق دیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔