اپوزیشن کاقانون سازی پرحکومت کاساتھ نہ دینےکافیصلہ

اپوزیشن کاقانون سازی پرحکومت کاساتھ نہ دینےکافیصلہ
لاہور ( پبلک نیوز) اپوزیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے قانون سازی کے معاملے میں حکومت کا ساتھ نہ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اسٹیئرنگ کمیٹی میں اپوزیشن کی جانب سے طے پایا کہ قانون کو بہتر بنانے پر بات ہو سکتی ہے، بدتر بنانے پر نہیں۔ شخصی بنیادوں پر قانون سازی میں حکومت کا ساتھ نہیں دیا جا سکتا۔ اپوزیشن نے الیکشن کمیشن ممبرز تقرری کی کمیٹی بھی مسترد کر دی۔ پارلیمنٹ میں حکومت کی جانب سے انتخابی اصلاحات اور دیگر بلوں پر قانون سازی کے حوالے سے اپوزیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن ارکان ویڈیو لنک کے زریعے شریک ہوئے۔ کمیٹی ارکان کا مشترکہ طور پر کہنا تھا کہ حکومت چیئرمین نیب کی تقرری کے معاملہ میں آئین کی روح کی خلاف ورزی چاہتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن ممبران تقرری کمیٹی کے ارکان میں تبدیلی پر بھی غور کیا گیا۔ کمیٹی نے چیئرمین سینیٹ کی جانب سے کمیٹی ارکان کی تبدیلی کا نوٹیفیکیشن مسترد کر دیا۔ ارکان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جان بوجھ کر کمیٹی میں دو ایسے اراکین کو شامل کیا جو الیکشن کمیشن کودھمکیاں دیتے رہے۔ ان اراکین نے الیکشن کمیشن کو آگ لگانے تک کی بات کی۔ اسٹیئرنگ کمیٹی نے حکومت کی جانب سے کمیٹی میں ایم کیو ایم اور ق لیگ کی نمائندگی ختم کرنے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی اس معاملہ پر ق لیگ اور ایم کیو ایم کے ساتھ بھی رابطہ کرے گی۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔