(ویب ڈیسک ) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بانی چیئرمین عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) مخالف اقدامات پر آئینی درخواست دائر کر دی۔ بانی پی ٹی آئی نے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پرجوڈیشل انکوائری کی استدعا کی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے تین سینئر ججز پی ٹی آئی مخالف اقدامات کی انکوائری کریں،بنیادی حقوق کی بحالی کے احکامات جاری کئے جائیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کے غلط استعمال کو روکنے کا حکم دیا جائے، ایم پی او کے تحت گرفتاریوں کو روکا جائے، پی ٹی آئی کو جلسوں کے این او سیز نہ جاری کرنے کیخلاف احکامات جاری کئے جائیں۔
درخواست میں وفاق، وزرات دفاع، داخلہ اور کابینہ ڈویژن فریق بنایا گیا ہے اس کے علاوہ درخواست میں چاروں صوبوں کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔