ویب ڈیسک: کراچی میں دفعہ 144کیخلاف ورزی اور ریلی نکالنے کامعاملہ،ساؤتھ زون پولیس نے مذہبی جماعت کیخلاف 2 مقدمات درج کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق مقدمات آرٹلری میدان میں سرکاری مدعیت میں درج کئے گئے، مقدمات میں انسداد دہشتگردی، اغوا ، اقدام قتل سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئیں ہیں،مقدمے میں مذہبی جماعت کے امیر قاسم فخری سمیت سینکڑوں افراد نامزد ہیں۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ مظاہرین کو بتایا کہ دفعہ 144 کے تحت ریلی نکالنے پر پابندی ہے،پر مظاہرین مشتعل ہوگئے اور اسپیکر پر نعرے بازی شروع کردی،اسی دوران پتھراؤ اور مارپیٹ شروع کردی،موقع پر موجود افسران نے مظاہرین کو منع کیا لیکن مظاہرین بعض نہ آئے،مظاہرین میں موجود شر پسند افراد نے ہوائی فائرنگ شروع کردی۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ کچھ شرپسند عناصر نے جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ،اغوا کی کوشش کی گئی،مظاہرین نے تھانہ گزری کی پولیس موبائل کو بھی آگ لگادی، پولیس موبائل کے اندر موجود سرکاری اسلحہ،اینٹی رائٹس سامان بھی مکمل جل گیا،مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس شیلنگ بھی کی گئی،ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونیوالا ماجد عزیز جاں بحق ہوگیا۔
مقدمے میں مذہبی جماعت کے صدر قاسم فخری،سول سوسائٹی کے پنھل ساریو سمیت 67 افراد نامزد ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق مذہبی جماعت کی ریلی میں مسلح افراد نے ہوائی فائرنگ کی، مذہبی جماعت کے کارکنوں نے رینجرز پر فائرنگ کی،افسران کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔ ریلی میں شامل شر پسند افراد کی فائرنگ اور تشدد سے 2 پولیس اہلکارزخمی اور ایک شخص ہلاک ہوا۔ ریلی کے شرکا نے پولیس اہلکاروں سے آنسو گیس گن چھین کر تھانہ گذری کی موبائل کو جلا دی۔