ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کے خلاف مقدمات کی تفصیل لاہور ہائیکورٹ میں پیش کردی گئیں۔پنجاب کے تھانوں میں علیمہ خان کے خلاف ٹوٹل 10 اور عظمی خان کے خلاف 5 مقدمات کی رپورٹ پیش،عدالت نے ایف آئی اے میں درج مقدمات کی تفصیلات 21 اکتوبر کو طلب کرلیں.
تفصیلات کے مطابق جسٹس علی ضیاء باجوہ نے شہری شہریز عظیم خان کی درخواست پربانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کے خلاف مقدمات کی تفصیلات کے متعلق کیس کی سماعت کی،اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل رانا عمیر ابرار خاں نے آئی جی پنجاب کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی۔
رپورٹ کے مطابق لاہور کے تھانوں میں علیمہ خان کے خلاف 7، عظمی کے خلاف 3مقدمات ہیں ، روالپنڈی ضلع میں علیمہ خان کے خلاف ایک اور ضلع اٹک میں دو مقدمات ہیں ، عظمی کے خلاف بھی اٹک میں دو مقدمات ہیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے اسٹنٹ اٹارنی جنرل محسن بھٹی پیش ہوئے ،وفاقی حکومت کے لاء افسر نے ایف آئی اے کی جانب سے جواب جمع کروانے کے لئے مہلت مانگ لی۔
عدالت نے وفاقی حکومت کے لاء افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔
درخواست گزار نے اپنی والدہ علیمہ خانم اور خالہ عظمیٰ خان کے خلاف نامعلوم ایف آئی آرکے حصول لئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا ۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی تحریک انصاف کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو نامعلوم کیس میں دوبارہ گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پولیس کو کسی بھی نامعلوم ایف آئی آر میں انہیں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے.