پاکستانی معروف اداکارہ جویریہ عباسی اور اداکار و ہدایتکار شمعون عباسی کی بیٹی، نوبیاہتا عنزیلہ عباسی سے سوشل میڈیا صارف نے طلاق سے متعلق سوال پوچھ لیا۔ سابقہ اداکارہ و ماڈل عنزیلہ عباسی نے گذشتہ روز اپنے فالوورز کے ساتھ انسٹاگرام پر ’ٹاک سیشن‘ رکھا، اس دوران اُن کے فالوورز کی جانب سے بے تحاشا سوالات کیے گئے۔ عنزیلہ عباسی نے بھی متعدد دلچسپ سوالات کے جواب دیئے۔ اس دوران ایک صارف کا عنزیلہ سے پوچھنا تھا کہ آپ نے اداکاری کیوں چھوڑ دی؟ اس سوال کے جواب میں اداکارہ کا بتانا تھا کہ وہ اب بھی اداکاری کرنا چاہیں گی، انہوں نے بتایا کہ کیوں کہ ڈرامہ انڈسٹری کا ماحول بہت زہریلا ہو گیا تھا اور ڈراموں کی کہانیاں اور کردار اُن کی سمجھ سے باہر تھے اس لیے انہوں نے اداکاری چھوڑی تھی۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے عنزیلہ عباسی نے بتایا کہ وہ منفی پیغامات بھیجنے والوں کو سوشل میڈیا پر بلاک کر دیتی ہیں۔ اس سیشن کے دوران ایک صارف کا پوچھنا تھا کہ آپ کے اپنے والد کے ساتھ تعلقات کیسے ہیں؟ کیا وہ بطور باپ اپنے فرائض پورے کرتے ہیں۔اس سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے عنزیلہ نے لکھا کہ براہِ کرم نجی سوالات پوچھنے سے گریز کریں۔ ٹاک سیشن کے دوران ایک صارف کا پوچھنا تھا کہ آپ طلاق کب لے رہی ہیں؟، جس پر جواب دیتے ہوئے عنزیلہ عباسی نے صرف لفظ موت لکھ کر اس منفی سوال سےجان چھڑوائی۔