ایران اسرائیل جنگ کا خدشہ: پاکستان سمیت مشرق وسطیٰ کی سٹاک مارکیٹس گر گئیں

ایران اسرائیل جنگ کا خدشہ: پاکستان سمیت مشرق وسطیٰ کی سٹاک مارکیٹس گر گئیں
کیپشن: Fear of Iran-Israel war: Middle East stock markets including Pakistan fell

ویب ڈیسک: ایران اور اسرائیل کے مابین جنگ کے خدشے کے بعد پاکستان سمیت مشرق وسطیٰ اور ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 70 ہزار کی سطح سے نیچے آگیا۔ ہنڈرڈانڈیکس میں 388 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس وقت مارکیٹ 69 ہزار 926 پوائنٹس پر ٹریڈ ہورہی ہے۔

اسی طرح بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست گراوٹ، نفٹی و سینسیکس کھلتے ہی گرگئے۔ سینسیکس 900  سے زیادہ پوائنٹس گر کر 73,315.16 پر کھلا۔ جب کہ نفٹی  300 پوائنٹ سے زیادہ گر کر 22,339.05 پر کھلا۔ 

بی ایس ای کے ٹاپ 30 اسٹاکس میں سے صرف 4 اسٹاک میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ باقی تمام 26 اسٹاک گراوٹ میں ہیں۔ ٹاٹا موٹرز کے حصص میں سب سے زیادہ کمی 2.41 فیصد ہے۔

دوسری جانب جاپان اسٹاک مارکیٹ انڈیکس میں 1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ جنوبی کوریا کا اسٹاک مارکیٹ انڈیکس 1 فیصد گر گیا۔

اسی طرح سنگاپور اسٹاک مارکیٹ میں 1 فیصد کمی ہوئی اور بنگلہ دیش اسٹاک مارکیٹ میں 1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ ہانگ کانگ اسٹاک مارکیٹ میں 0.7 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔

تاہم کاروباری روز کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈانڈیکس 229 پوائنٹس کے اضافے سے 70 ہزار 544 پوائنٹس پر بند ہوئی۔ دن بھر مجموعی طور پر 352 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا۔

179 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 156 کے شیئرز میں کمی ہوئی۔ مارکیٹ میں 54 کروڑ 46 لاکھ سے زائد شیئرز کی لین دین ہوئی۔

اسٹاک مارکیٹ میں 21 ارب 89 کروڑ سے زائد مالیت کے شیئرز کے سودے ہوئے۔ مارکیٹ کی بلند ترین سطح 70,608 جبکہ کم ترین سطح 69,914 پوائنٹس رہی۔