ملت ایکسپریس واقعہ، بہن کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا:بھائی کا بیان

ملت ایکسپریس واقعہ، بہن کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا:بھائی کا بیان
کیپشن: Millat Express incident
سورس: web desk

ویب ڈیسک: ملت ایکسپریس میں مبینہ طور پر ہلاک ہونے والی خاتون کے بھائی افضل نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس اہلکار نے بہن پر تشدد کیا اور قتل کر کے لاش ٹریک پر پھینکی۔

ایک بیان میں افضل نے بتایا کہ جاں بحق خاتون مریم کا تعلق جڑانوالہ کے چک 648 گ ب سے تھا، مریم 7 اپریل کو کراچی سے بذریعہ ملت ایکسپریس روانہ ہوئیں، بہاولپور پولیس نے 8 اپریل کو بہن کی ٹرین سے گر کر ہلاکت کی اطلاع دی۔ ٹرین حادثہ سمجھ کر 9 اپریل کو گاؤں میں تدفین کر دی تھی لیکن ویڈیو وائرل ہونے پر بہن پر تشدد اور واقعے کے پس پردہ حقائق کا علم ہوا۔

خاتون کے بھائی نے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکار نے مریم پر تشدد کیا اور قتل کر کے لاش ٹریک پر پھینکی، قتل کا مقدمہ درج کرنے کے لیے پولیس کو درخواست دی مگر کارروائی نہیں ہوئی۔خاتون کے بھتیجے غالب حماد نے اپنے بیان میں کہا کہ میں اس وقت پھپھو کے ساتھ موجود تھا وہ اونچی آواز میں ورد کر رہی تھیں، پولیس اہلکار نے شور مچانے پر اعتراض کیا اور تشدد شروع کردیا، پولیس اہلکار پھپھو کو ساتھ لے گیا اور ہمیں اگلے اسٹیشن پر اتار دیا۔

ریسکیو عملے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق صبح ساڑھے 6 بجے چنی گوٹھ کے مقام پر خاتون ملت ایکسپریس کی کھڑکی سے کود گئی تھی اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی تھی۔

ریسکیو اہلکاروں نے کہا ہے کہ خاتون بچوں کے ہمراہ کراچی سے فیصل آباد جا رہی تھی، بچوں نے بتایا ہے کہ خاتون پر جنّات کا سایہ تھا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق لوگوں کے روکنے کے باوجود خاتون نے کھڑکی سے چھلانگ لگائی۔