مجھ پر کوئی پریشر نہیں، پی ٹی آئی چھوڑنا ممکن نہیں، پرویز الہیٰ

مجھ پر کوئی پریشر نہیں، پی ٹی آئی چھوڑنا ممکن نہیں، پرویز الہیٰ
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ مجھ پر کوئی پریشر نہیں ہے، پی ٹی آئی چھوڑنا ممکن نہیں ،چوہدری شجاعت حسین جیل میں صرف حال چال پوچھنے آئے تھے۔ سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے پبلک نیوز کے پروگرام "سوال " کے اینکر پرسن فہد شہباز سے خصوصی گفتگو کی ، فہد شہباز کے اسمبلی تحلیل کرنے کے سوال کے جواب میں پرویز الہیٰ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی قبل از وقت تحلیل کا فیصلہ غلط تھا،چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کو سمجھایا تھا کہ فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی کی بات نہ مانیں ۔اگر ہم اسمبلی میں رہتے تو یہ حالات نہ ہوتے۔ فہد شہباز نے سوال کیا کہ کیا مونس الہیٰ آپ کی مرضی سے باہر گئے ہیں ، پرویز الہیٰ مونس الہیٰ کے باہر جانے کے سوال پر خاموش رہے۔ پی ٹی آئی کے صدر پرویز الہیٰ نے کہا کہ مجھ پر کوئی پریشر نہیں ہے، پی ٹی آئی چھوڑنا ممکن نہیں ،چوہدری شجاعت حسین جیل میں صرف حال چال پوچھنے آئے تھے۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے متعلق کہا کہ وہ تو ہر پارٹی میں رہے ہیں ،انوارالحق کاکڑ ق لیگ کی طرف سے بھی الیکشن لڑ چکے ہیں ۔ پرویز الہیٰ نے کہا کہ الیکشن تو ہر صورت کرانا پڑے گا،ورنہ آئی ایم ایف بھاگ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ ماضی کی بات ہوچکے ہیں۔ سابق وزیر اعلی پنجاب نے آفر سے متعلق سوال پر جواب دیا کہ جتنی عزت مجھے پی ٹی آئی نے دی کیاآصف علی زرداری دے پاتے؟، کیا ن لیگ مجھے پارٹی کا صدر بناتی ؟۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔