اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی ٹرپل سنچری،انٹربینک میں بڑا اضافہ

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی ٹرپل سنچری،انٹربینک میں بڑا اضافہ
کراچی : امریکی ڈالر نے اوپن پارکیٹ میں ٹرپل سنچری مکمل کرلی ہے جبکہ انٹربینک میں بھی ڈالر کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 3 روپے 2 پیسے کا اضافہ ہوا ہے، انٹر بینک میں ڈالر 291 روپے 51 پیسے پر بند ہوا ۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 4 روپے کا اضافہ ہوا ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 300روپے بند ہوا ۔ جنرل سیکریٹری ایکسچینج کمپنیز ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر اور برآمدات میں کمی سے روپے پر دباؤ بڑھا، گزشتہ ماہ بھی سمند پار پاکستانیوں نے 500 ملین ڈالر کم بھیجے، ترسیلات زر بینکنگ چینل کی جگہ بلیک مارکیٹ میں جا رہے ہیں۔

سونے کی قیمت :

عالمی مارکیٹ میں کمی کے باوجود صرافہ مارکیٹ میں سونا مہنگا ہوگیا ہے، فی تولہ سونے کی قیمت میں 1100 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 22 ہزار 900 روپےکا ہوگیا۔ 10 گرام سونا 943 روپے مہنگا ہو کر ایک لاکھ 91 ہزار 101 روپے کا ہوگیا۔ عالمی مارکیٹ میں 11ڈالر کی کمی سے سونا 1903 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔

اسٹاک ایکسچینج: اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام ہوگیا، 100 انڈیکس میں 141 پوائنٹس کی تیزی ہوئی جس کے بعد انڈیکس 48 ہزار 565 پوائنٹس کی حد پر بند ہوا ۔ ٹریڈنگ میں 12 کروڑ36 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا، مجموعی طور پر 340 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 160 کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ جبکہ 155 میں کمی ہوئی، سرمایےمیں 19 ارب 11 کروڑ روپے سے زائد اضافہ ہوا۔

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔