ویب ڈیسک: باغوں کے شہر لاہور میں آج وقفے وقفے سے بارش برسنے کے امکانات ہیں جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اورگرد و نواح میں بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال اورتلہ گنگ میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کا کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے جبکہ ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق ہوا کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، ہوامیں نمی کا تناسب 79 فیصد تک جا پہنچا ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش برسنے کا سلسلہ 18 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جہلم، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، قصور، لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، بھکر، خوشاب اور نور پور تھل میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت شمال مشرقی پنجاب میں بھی بادل برسیں گے، برساتی ندی نالوں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے جبکہ پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی انتباہ جاری کیا گیا ہے جبکہ اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، بالاکوٹ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، مردان، کرک،کوہاٹ، بنوں، مالاکنڈ، وزیرستان،کرم اور لکی مروت میں بارش جبکہ پشاور، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے جبکہ تھر پارکر، مٹھی، میرپور خاص، عمر کوٹ، سانگھڑ، کراچی، حیدر آباد، ٹھٹہ اور بدین میں بھی بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں بارش
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں میں 16 سے 19 اگست تک بارش کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے، کراچی سمیت حیدر آباد، ٹھٹہ اور بدین میں بھی ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد ہے اور مغربی سمت سے 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
اس سے قبل چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس ہفتے شہر قائد میں درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ 18 اگست یا اس کے بعد سے مون سون ہوا کا رخ سندھ کی جانب ہوسکتا ہے اور ہواؤں کے زیر اثر سندھ کے مختلف مقامات پر بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ آزادکشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، پشاور میں ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ہے جبکہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ڈی آئی خان سب سے گرم شہر رہا جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ مالم جبہ میں سب سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری، مردان میں 36 اور سوات 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان
ادھر محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بیشتراضلا ع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارکھان، کوہلو، لورالائی، ژوب، خضدار،آواران، لسبیلہ اور گر دو نواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ روز کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37، قلات میں 34، ژوب میں 29، زیارت میں 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ سبی میں 45، تربت میں 38، نوکنڈی میں 46، جیونی میں 33 اور گوادر میں درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔