اسلام آباد: نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس لائنز اور ضلع خیبر میں پولیس اور فرنٹیئر کور کی مشترکہ چیک پوسٹ پر پر دہشتگردوں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعظم نے دہشتگردوں کے ٹانک پولیس لائنز میں شر پسندی کے بڑے منصوبے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کے پاکستان سے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رکھیں گے، مجھ سمیت پوری قوم، ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہادر عوام دھشتگردی کی اس جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہیں۔ وزیرِ اعظم نے حملوں میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کیلئے مغفرت اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔