آراوز سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل، انتخابی شیڈول آج جاری کرنیکا حکم

آراوز سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل، انتخابی شیڈول آج جاری کرنیکا حکم
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نےآراوز، ڈی آراوز سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا. سپریم کورٹ نے ریٹرننگ افسران کا نوٹیفکیشن بحال کردیا ہے،عدالت نےعام انتخابات کا تمام پراسس بحال کردیا. سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن کو آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دے دیا. عدالت نے فیصلے میں کہا کہ لاہور ہائیکورٹ میں آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت درخواست دائر کی گئی، سپریم کورٹ میں انتخابات کیس کرنے والوں کو ہائی کورٹ میں فریق بنایا گیا، درخواست میں الیکشن ایکٹ کے سیکشن 50 اور 51 غیرآئینی قرار دینے کی استدعا تھی. حکم نامہ میں‌کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں الیکشن کمیشن اور صدر پاکستان نے ملاقات کی تھی، سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ کسی کو جمہوریت ڈی ریل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی،الیکشن کمیشن کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد 8 فروری کو انتخابات ممکن نہیں تھے. سپریم کورٹ نے فیصلے میں‌کہا کہ انتخابات کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے جج کے حکم نامے میں تضادات ہیں، جج ایک طرف لارجر بینچ بنارہے اور دوسری طرف نوٹیفکیشن معطل کررہے، جج صاحب نے حکم نامے میں ایک ہزار سے زائد ریٹرننگ افسران کو کام سے روک دیا،لاہور ہائیکورٹ کے جج نے اپنے دائرہ اختیار سے باہر حکم جاری کیا. حکم نامہ میں کہا گیا کہ درخواست گزار الیکشن کمیشن کے پاس بھی جاسکتا تھا لیکن براہ راست ہائیکورٹ پہنچ گیا،انتخابات کیس میں سپریم کورٹ آنے والی تحریک انصاف نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور مکمل تفصیلات نہیں بتائی،جب پانچوں ہائیکورٹس نے جوڈیشل افسران دینے سے انکار کیا تو کیا چیف جسٹسز کے خلاف درخواست دائر ہوسکتی ہے؟،درخواست گزار اور لاہور ہائیکورٹ کے جج دونوں نے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی. سپریم کورٹ نے فیصلے میں‌ کہا کہ سپریم کورٹ دوسرے فریق کو سنے بغیر فیصلہ نہیں کرتی،لیکن غیر معمولی حالات اور آئینی ذمہ داریوں کی وجہ سے اپیل پر حکم جاری کررہے ہیں. چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تمام ابہام دور کردیے، 8 فروری کو الیکشن کرائیں. عدالت نے الیکشن کمیشن کی اپیل باضابطہ سماعت کیلئے منظور کر لی.الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کو آج رات ہی الیکشن پروگرام جاری کرنے کی یقین دہانی کرا دی. سپریم کورٹ نے درخواست گزار عمیر نیازی کو نوٹس جاری کردیا، سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل، چاروں ایڈوکیٹ جنرلز کو بھی نوٹسز جاری کردیئے. انتخابات کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گی. اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے دائر ہونے والی درخواست کے بعد سپریم کورٹ نے 3 رکنی بینچ تشکیل دیا تھا، جس کی سربراہی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کی، بینچ میں‌ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس طارق مسعود بھی شامل تھے. خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے چیف الیکشن کمشنر نے ملاقات کی تھی اور انہیں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا تھا۔اس ملاقات میں اٹارنی جنرل کے ساتھ جسٹس سردار طارق اور جسٹس اعجاز الاحسن بھی شریک ہوئے تھے۔ خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر بیوروکریسی سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز (ڈی آر اوز) لینے سے روک دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے ہائیکورٹ کے حکم پر ریٹرننگ افسران کی تربیت روک دی تھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔