کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ ہانیہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ عامر لیاقت حسین دانیہ شاہ سے قبل مجھ سے شادی کر چکے تھے۔ میں ان کی تیسری بیوی ہوں، انہوں نے حال ہی میں چوتھی شادی کی ہے۔ ہانیہ خان نے یہ دعویٰ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خیال رہے کہ وہ اس سے قبل گذشتہ سال بھی ایسے ہی دعوے کے ساتھ میڈیا کے سامنے آ چکی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر تصاویر اور آڈیو ریکارڈنگز بھی بطور ثبوت پیش کی تھیں۔ ہانیہ خان نے اس وقت بھی یہ دعویٰ کیا تھا کہ عامر لیاقت حسین نے طوبیٰ انور کو طلاق دے دی ہے۔ تاہم میں ان کی بیوی تو ہوں لیکن میرے پاس اپنا سچ ثابت کرنے کیلئے کوئی نکاح نامہ نہیں ہے۔ خیال رہے کہ عامر لیاقت نے ہانیہ خان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان بھی کیا تھا۔ تاہم اب ایک بار پھر ہانیہ خان نے اپنا دعویٰ دہرایا ہے کہ عامر لیاقت نے ان سے تیسری شادی کی تھی، اب انہوں نے چوتھی شادی کی ہے۔ ماڈل نے میزبان کو بتایا کہ عامر لیاقت ہمیشہ سے ہی کم عمر اور ایسی نوجوان لڑکیوں کی تلاش میں رہے ہیں، جن کا تعلق متوسط گھرانے سے ہو۔ ان کے مطابق عامر لیاقت ایسی لڑکیوں کو سہانے خواب دکھا کر ان کا کیریئر بنانے کے وعدے کرکے ان سے شادیاں کرتے ہیں۔ ہانیہ خان کا کہنا تھا کہ یہ سچ بھی ہے کہ عامر لیاقت کی وجہ سے طوبیٰ مشہور بھی ہوئیں اور انہیں مواقع بھی ملے، پہلے انہیں کوئی نہیں جانتا تھا۔ ماڈل نے یہ بھی کہا کہ عامر لیاقت کا پہلی بیویٰ بشریٰ اقبال کے ساتھ رویہ بھی درست نہیں تھا۔ ایک سوال کے جواب میں ہانیہ خان نے اپنی غلطی تسلیم کی اور کہا کہ انہیں معلوم تھا کہ عامر لیاقت کا رویہ دوسری خواتین سے درست نہیں، اس کے باوجود انہوں نے ان سے شادی کی۔ میزبان نے ان سے پوچھا کہ عامر لیاقت نے جب دانیہ شاہ اور طوبیٰ انور کو اپنی بیوی کے طور پر قبول کیا اور انہیں نہیں کیا؟ تو اس کا کیا سبب ہے؟ اس پر ہانیہ خان نے کہا کہ انہیں عامر لیاقت نے ہدایت کر رکھی تھی کہ شادی کے معاملات کو ظاہر نہیں کرنا مگر چوں کہ ان کے ساتھ کچھ ایسے مسائل ہوگئے تھے کہ انہیں اچانک شادی کو ظاہر کرنا پڑا اور اسی وجہ سے ہی عامر لیاقت نے انہیں قبول نہیں کیا۔ ہانیہ خان کے دعوے پر فوری طور پر عامر لیاقت یا ان کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے کوئی رد عمل نہیں دیا۔