ساہیوال میں ڈاکٹروں کی گرفتاری: پنجاب میں ڈاکٹروں کی ہڑتال، مریض رل گئے

ساہیوال میں ڈاکٹروں کی گرفتاری: پنجاب میں ڈاکٹروں کی ہڑتال، مریض رل گئے
کیپشن: Doctors arrested in Sahiwal: Doctors strike in Punjab, patients riot

ویب ڈیسک: ساہیوال میں ڈاکٹرز پر تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف ینگ ڈاکٹرز کی پنجاب بھر میں ہڑتال جاری ہے۔ جس کے بعد ڈاکٹروں نے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز بند کردی ہیں۔ ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے اسپتالوں میں آئے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ 

فیصل آباد میں ہڑتال:

ساہیوال میں ڈاکٹرز پر تشدد اور گرفتاریوں کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے الائیڈ اسپتال ون اور ٹو میں او پی ڈی سروسز کا مکمل بائیکاٹ کردیا ہے۔ 

ینگ ڈاکٹرز نے چلڈرن اسپتال، سمن آباد جنرل اسپتال اور غلام محمد آباد جنرل اسپتال میں بھی ہڑتال کر دی۔ شہر کے چھ سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز بند ہونے سے مریضوں  کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ 

ڈاکٹرز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ او پی ڈی سروسز کا مکمل بائیکاٹ ہوگا۔

لاہور میں ہڑتال:

ساہیوال ہسپتال سے ڈاکٹروں کی گرفتاری کے واقع پر ینگ ڈاکٹرز نے ٹیچنگ ہسپتالوں میں ہڑتال کر دی۔  لاہور سمیت پنجاب کے بڑے ٹیچنگ اسپتال کے او پی ڈی بند کر دیے گئے ہیں۔

او پی ڈی بند ہونے کی وجہ سے مریضوں کی رجسٹریشن پرچی بھی بند ہو گئی۔ او پی ڈی بند ہونے کی وجہ سے دور دراز علاقوں سے آئے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

راولپنڈی کے سرکاری اسپتالوں میں مکمل ہڑتال:  

ساہیوال میں ڈاکٹرز کے ساتھ بدسلوکی اور گرفتاریوں کے معاملے پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں مکمل ہڑتال کر دی۔ ہولی فیملی، بے نظیر بھٹو اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور سروس معطل کردی گئی ہے۔

او پی ڈی سمیت دیگر وارڈ بند ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ 

ڈاکٹروں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹرز کی گرفتاری میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ہسپتالوں میں سیکورٹی کے بل کو فوری طور پر منظور کرایا جائے۔ ڈاکٹرز کی گرفتاری کے معاملے میں مکمل انکوائری کی جائے۔ 

سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والے ڈاکٹرز اور نرسز کو فوری بحال کیا جائے۔ وزیراعلی پنجاب اور ہیلتھ سیکرٹری معاملے پر معافی مانگیں۔ 

مطالبات کی منظوری تک ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ 

پاکپتن میں بھی ڈاکٹروں کی ہڑتال:

پاکپتن میں بھی ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹرز کی گرفتاری کے واقعے کے خلاف ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے ہڑتال کردی۔

ڈاکٹروں کی جانب سے اسپتال کے آؤٹ ڈور کو بند کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹرزکی ہڑتال کے باعث ہسپتال میں آنے والے مریض کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔

ہڑتال کے باعث ہسپتال کی ایمرجنسی میں مریضوں کا رش بڑھ گیا۔

چیچہ وطنی میں بھی ڈاکٹروں کی ہڑتال:

چیچہ وطنی کے ٹی ایچ کیو اسپتال میں بھی ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں گزشتہ روز ڈاکٹرز کی گرفتاری کے واقعہ کے خلاف ہڑتال ہے۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف او پی ڈی بند کرکے ہڑتال میں شریک ہیں۔ 

ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ہڑتال کے باعث ایمرجنسی میں مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے۔

Watch Live Public News