ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے آئی ٹی سٹی منصوبے کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس منصوبے کی تعمیر کی ذمہ داری سی بی ڈی پنجاب کو سونپ دی گئی ہے۔ اس حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کو آئی ٹی سٹی کی جامع بریفنگ دی۔
اجلاس میں صوبائی وزراء مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری سمیت، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، سی او او سی بی ڈی پنجاب بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ شریک بھی ہوئے۔
لاہور میں پی کے ایل آئی کے قریب 853 ایکڑ (6824 کنال) پر محیط اس منصوبے کا نام نواز شریف آئی ٹی سٹی رکھا جائیگا۔ اس منصوبے کے لیے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 10 ارب روپے بطور سیڈ منی مختص کر دئیے۔ سی ای او سی بی ڈی عمران امین کہتے ہیں کہ یہ منصوبہ صوبہ پنجاب کے لیے ترقی کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔
منصوبے کو چار کلیدی حصوں میں تقسیم کیا جائیگا۔ آئی ٹی اینڈ ٹیک ڈسٹرکٹ، ایجوکیشن سٹی، فلم سٹی، کمرشل اور رہائشی ڈسٹرکٹس شامل ہیں۔
عمران امین سی ای او سی کا کہنا تھا کہ سیلسٹیا ٹوئن ٹاور آئی ٹی کی بلڈنگ کی تعمیر کی جائیگی۔ سلیسٹیا ٹوئن ٹاور کو بارہ ماہ کے اندر مکمل کیا جائیگا۔ حکومت پنجاب کی معاونت سے زمین کی منتقلی اور سروے کے مسائل حل ہوگئے-
انہوں نے کہا کہ نیسپاک اور بین الاقوامی کنسلٹنٹ کے ساتھ ماسٹر پلاننگ کرے گا۔ رواں ماہ میں زمین سرکاری طور پر نالج پارک کمپنی سے سی بی ڈی پنجاب کو منتقل کر دی جائے گی۔ اپریل 2024 میں آئی ٹی ٹاور کی تعمیر شروع ہو جائیگی۔
عمران امین سی ای او سی بی ڈی پنجاب کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے تقریبا 10 لاکھ ملازمتیں پیدا ہونگی۔ اس منصوبے میں مختلف ریونیو ماڈلز شامل ہیں جو کے منصوبے میں سرمایہ کاری کو راغب کرے گی۔ منصوبہ سیلف جنریشن، جوائنٹ وینچرز، اور ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ (ری ای ائی ٹی) کے ذریعے سرمایہ کاری حاصل کریگا جبکہ اس کی تعمیر کا تخمینہ سو ارب روپے لگایا گیا ہے۔ اس منصوبے میں خصوصی اقتصادی زونز اس کی اہم خصوصیت ہوں گے۔ حکومت پنجاب نے اس منصوبے کو 10 سال کے لیے ٹیکس فری قرار دیا ہے۔
مسلم ممالک کو اتحاد کی علامت بننا چاہیے، مریم نواز
دریں اثناء اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم ممالک کو آپس کی نا اتفاقی ختم کر کے اتحاد کی علامت بننا چاہیے۔
مریم نواز نے اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ میں اسلامو فوبیا کی پر زور مذمت کرتی ہوں، اسلامو فوبیا کی وجہ سے مسلمانوں کے ساتھ ناروا اور امتیازی سلوک کیا جاتا ہے، یہ اسلامو فوبیا ہی ہے کہ فلسطین اور کشمیر میں معصوم مسلمانوں کو ظلم و جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام پرامن دین ہے اور مسلمان امن پر یقین رکھتے ہیں، اسلام ہی وہ دین ہے جس نے بنیادی انسانی حقوق دیے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ اسلامو فوبیا کی روک تھام کے لیے اسلامی دنیا کے چہرے کو مثبت انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے، مسلم ممالک کو آپس کی نااتفاقی ختم کر کے اتحاد کی علامت بننا چاہیے، اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور دیگر عالمی تنظیموں کو اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے مزید کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔