ویب ڈیسک: پاکستان اور روس کی مسلح افواج کے مابین مشترکہ مشقیں دروز با سیون شروع ہوگئی ہیں جو کہ 2 ہفتے تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور روس کی انسداد دہشت گردی کے حوالے سے مشترکہ مشقیں دروزبا سیون شروع ہو گئیں۔ دو ہفتے پر محیط مشقوں کا آغاز انسداد دہشت گردی مرکز پبی میں ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دروزبا سیون میں حصہ لینے والے دستے مشقوں کے دوران ایک دوسرے کی پیشہ وارانہ مہارت اور تجربات سے استفادہ کریں گے۔ مشقوں میں لائٹ کمانڈو ٹروپس ایکس پاکستان آرمی اور روسی فوجی دستہ حصہ لے رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کمانڈنٹ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی نے افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ دروزبا سیون مشقوں کا مقصد مشترکہ تربیت کے ذریعے بہترین پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارنا ہے۔