ویب ڈیسک: سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیکل سلیٹر ضمانت نہ ملنے پر عدالت میں گر پڑے، ان پر گھریلو تشدد سمیت 5 مختلف الزامات ہیں۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق مائیکل سلیٹر کو ضمانت کے لیے مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، سابق کرکٹر گرفتاری کے بعد ریاست کوئنز لینڈ کے ایک ساحلی شہر میں پولیس کی نگرانی میں تھے۔
ضمانت نہ ملنے کا فیصلہ سننے کے بعد جب اہلکار انہیں سیل میں لے جانے لگے تو وہ گر پڑے، مائیکل سلیٹر پر عائد الزامات کا سی سی ٹی وی کیمروں میں ثبوت موجود ہے۔
مائیکل سلیٹر کے وکیل نے اپنے موکل کے سڈنی کے ری ہیب سینٹر میں رہنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ مائیکل سلیٹر نے تمام الزامات سے انکار کیا ہے۔
پولیس نے مائیکل سلیٹر کی ضمانت کی مخالفت کی اور عدالت میں تمام الزامات کی فہرست ثبوتوں کے ساتھ پیش کی۔
واضح رہے کہ 54 سالہ مائیکل سلیٹر نے 74 ٹیسٹ میچوں میں 5 ہزار 312 رنز بنائے اور انہوں نے 42 ون ڈے میچز میں 987 رنز اسکور کیے، مائیکل سلیٹر ریٹائرمنٹ کے بعد کمنٹری کے شعبے سے منسلک ہو گئے تھے۔