ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے مابین میچ کے پہلے مرحلے کے تمام ٹکٹس فوری فروخت ہو گئے۔ متحدہ عرب امرات ( یو اے ای) میں ہونے والے ایشیا کپ کے لیے پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 28 اگست کو ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی لیکن میچ کے ٹکٹس صرف 3 گھنٹوں میں ہی فروخت ہو گئے۔ پاک بھارت میچ کیلئے سب سے سستی ٹکٹ 250 درہم یعنی ساڑھے چودہ ہزار روپے سے زیادہ کی ہے۔دیگر ٹیموں کے میچز کیلئے سب سے سستی ٹکٹ کی قیمت 75 درہم یعنی 4 ہزار400 روپے ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پلاٹینم لسٹ میں شامل ٹکٹیں جلد فروخت کیلئے پیش کی جائیں گی اور توقع ہے کہ وہ بھی قبل از وقت فروخت ہو جائیں گی۔ واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے اعلان کیا تھا کہ ٹکٹوں کی فروخت پیر کو ہو گی تاہم کونسل نے وقت کا تعین نہیں کیا تھا جس کے باعث شائقین صبح سے ہی ویب سائٹ پر آن لائن بکنگ کا انتظار کر رہے تھے۔