پی ٹی آئی  کور کمیٹی نے حماد اظہر کا استعفیٰ مسترد کردیا

پی ٹی آئی  کور کمیٹی نے حماد اظہر کا استعفیٰ مسترد کردیا

(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف  کور کمیٹی نے حماد اظہر کا استعفیٰ مسترد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق  اسلام آباد میں  پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر ، سینٹر شبلی فراز، شیخ وقاص اکرم ، شعیب شاہین، سیمابیہ طاہر سمیت دیگر پارٹی رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس میں لطیف کھوسہ، انتظار پنجوتھہ، نعیم پنجوتھہ اور دیگر افراد نے   بریفنگ دی ۔

پی ٹی آ ئی کور کمیٹی نے حماد اظہر کا استعفیٰ مسترد کردیا۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی نے کہا کہ حماد اظہر کام  جاری رکھیں۔

کور کمیٹی نے   بانی پی ٹی آئی  سے بھی حماد اظہر  کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست  بھی کی۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی پنجاب کے صدر حماد اظہر مستعفیٰ ہوگئے تھے ان کے بعد  لاہور کے صدر چوہدری اصغر نے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اُن کی بانی پی ٹی آئی عمران خان  تک رسائی نہیں ہے، انہوں نے پریس کانفرنس نہیں کی اور نہ ہی کوئی ڈیل کی، اُن کی نقل و حرکت پر بہت سختی ہے اور  وہ اڈیالہ نہیں جاسکتے۔

انہوں نے  کہا تھا کہ  پنجاب کی تنظیم میں بہت سارے ایسے فیصلے ہوئے جن پر نہ تو اُن کی رائے شامل تھی اور نہ ہی رضامندی، اکثر فیصلے ایسے  بھی تھے جن پر میرٹ کے بجائے لابنگ اور بانی پی ٹی آئی تک محدود رسائی اور  یکطرفہ معلومات پہنچائی گئیں، کافی عرصے  سے لابنگ جاری تھی کی لاہور کے صدر چوہدری اصغرکو  بدلا جائے، آج وہ کامیاب ہوگئے اور خان صاحب کو غلط حقائق دے کر ہدایت حاصل کرلی۔

حماد اظہر نے مزید کہا تھا کہ  پارٹی قیادت بھی مجھ سےمتفق ہےکہ ایسےفیصلے صرف اور صرف خان صاحب تک محدود رسائی کا نتیجہ ہیں،کچھ ریجنز میں ہمارے  رہنما بہت پریشان ہیں لیکن خان صاحب تک اطلاع نہیں، ایسی صورت میں مفاد پرست رابطے کے فقدان کا فائدہ اٹھاتے ہیں، بڑی تنظیمی ذمہ داری صرف ان لوگوں کے پاس ہونی چاہیے جن کی پارٹی لیڈر تک رسائی ہو، میں بانی پی ٹی آئی کا ایک کارکن تھا اور رہوں گا۔

Watch Live Public News