پبلک نیوز ہیڈلائنز، دوپہر 12 بجے،16جولائی ، 2021

پبلک نیوز ہیڈلائنز، دوپہر 12 بجے،16جولائی ، 2021
طالبان کو مزاکرات کی میزپرلانے کےلیے ہرممکن کوشش کی، پاکستان سے زیادہ کسی نے کردار ادا نہیں کیا، ہماری ترجیح افغانستان میں امن ہے، وزیراعظم عمران خان کا سینٹرل اینڈ ساؤتھ ایشیاء کانفرنس سے خطاب، کہا ہم نے پرائی جنگ میں 70 ہزار لاشیں اٹھائیں، معاشی طور پر 150 ارب ڈالرز کا نقصان کیا، افغانستان وسطی اور جنوبی ایشیاء کے درمیان پل کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اسٹریٹجک معاہدوں سے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا، دونوں ممالک افغانستان میں امن واستحکام کےلئے مل کر کام کریں گے، ازبک صدر نے افغان پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کی سمٹ کی تجویز کا خیرمقدم کیا، فواد چودھری کہتے ہیں تاشقند کانفرنس میں 60 سے زائد ممالک شریک ہیں، معاشی سرگرمی، علاقائی روابط سے متعلق گفتگو جاری ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا چینی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، داسو حادثے میں چینی باشندوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا، معاملے کی جامع تحقیقات کی یقین دہانی کرائی، کہتے ہیں پاکستان میں تمام چینی باشندوں کی مکمل سکیورٹی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، دشمن قوتوں کو برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ پاکستان نے افغانستان کے نائب صدر کے الزامات مسترد کردیئے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان حکومت نے سپین بولدک میں طالبان کیخلاف فضائی کارروائی کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا، پاکستان نے مثبت جواب دیا، ہم افغان حکومت کے اپنی سر زمین پر کارروائی کے حق کو تسلیم کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے معیشت زوال پذیر رہی، ماضی کی حکومتوں نے عوام کے اصل مسائل سے چشم پوشی کی، درست پالیسیوں کی بدولت پاکستان معاشی لحاظ سے ٹیک آف کرچکا ہے، معیشت مضبوط اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے، عمران خان کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔