میرے خلاف شروع دن سے پراپیگنڈا ہورہا ہے: عثمان بزدار

میرے خلاف شروع دن سے پراپیگنڈا ہورہا ہے: عثمان بزدار

لاہور (پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو ڈسکہ کا الیکشن تو نظر آگیا لیکن سینیٹ میں جو کچھ ہوا وہ نظر نہیں آیا۔ میرے خلاف شروع دن سے ہی پراپیگنڈا ہورہا ہے،میں اپنے کام سے کام رکھتا ہوں،مخالفین کی تنقید برائے تنقید کی کوئی پروا نہیں۔ پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 7ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کیا ہے،اشیاء خوردونوش 2018ء کے ریٹ پر دستیاب ہونگی۔

پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کرنے آیا ہوں اورعوام کی خدمت ہی میرا مشن ہے، صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں گے۔ جس طرح وفاق نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے،بجٹ میں صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں اسی طرح ریلیف دینگے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق قبضہ مافیا کے خلاف جنگ کا آغاز کیا۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنائیں، سرکاری زمینوں پر قبضہ کرکے پٹرول پمپ اور سینما گھر، کمرشل پلازے، ویگن سٹینڈ بنائے۔ ہم نے آتے ساتھ ہی اداروں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا اور خود مختار بنایا، تجاوزات اورقبضہ مافیاء کیخلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی۔ اب تک425ارب روپے کی ایک لاکھ44ہزار 439ایکڑاراضی قبضہ مافیاء سے واگزار کرائی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قیمتی سرکاری اراضی کو قبضہ مافیاء سے محفوظ بنائیں گے،قبضہ مافیاء سے اراضی واگزار کرنے کیلئے کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا ہے۔ چیف سیکرٹری صاحب کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے جس میں انسپکٹر جنرل پولیس اورسینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بھی شامل ہیں۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔