اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر حکومت جیتے یا ہارے اس سے فائدہ عمران خان کو ہی ہوگا۔ وفاقی ادارلحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن آپ دین کے رہنما ہیں ہم آپ کا احترام کرتے ہیں لیکن جو زبان آپ استعمال کر رہے اس سے اگر ملک میں انارکی پیدا ہوئی تو اس کی قیمت آپ کو ادا کرنی ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر حکومت جیتے یا ہارے اس سے فائدہ عمران خان کو ہی ہوگا، عمران خان انشااللہ جیتیں گے کیونکہ عمران خان عوام میں پہلے سے زیادہ مقبولیت حاصل کرچکے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن 23 کو نہیں 25 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گی، مولانا فضل الرحمٰن نے پہلے بھی جلسہ کیا تھا، اگر آپ بھی 27 مارچ کو جلسہ کرنا چاہتے ہیں تو کریں،تاہم کسی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرنا وزارت داخلہ کا کام ہیں اور یہ کام کرکے دکھائیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ عدم اعتماد ملک کو جمہوری عدم استحکام اور عدم اطمینان کی طرف منتقل کردے۔اگر ایسا ہوا تو اس کی سزا آپ (اپوزیشن) کو ملے گی، آپ 10 سال تک چوکوں پر اذانیں دیں گے آپ کی بات نہیں سنی جائے گی۔ تحریک عدم اعتماد سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں سے پرویز خٹک، لیاقت خٹک اور اسد عمر بات کر رہے ہیں، اس میں میرا کوئی لینا دینا لیکن اتحادیوں سے عمران خان کا ساتھ دینے کی درخواست ضرور کروں گا۔