لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے خلاف اینٹی کرپشن میں درخواست دائر کررہے ہیں۔ لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا کہ بزدار اچھا کام کررہا ہے ایسے کام کیے جو دکھا نہیں سکے ، انہوں نے کہا کہ مگر اب ہم دکھائیں گے، 5500 کینال زمین، ٹائل فیکٹری، زمینوں، گھروں کا جواب دینا پڑے گا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ فرح گوگی، احسن جمیل گجر کو پاکستان آکر جواب دینا ہوگا ان کے خلاف وزارت داخلہ نے کاغذی کارروائی شروع کردی ہے انہیں واپس لانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں، اگر وہ خود واپس نہیں آئی تو وزارت داخلہ واپس لائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ملتان میں بنے 70 کروڑ کے گھر کا بتانا ہوگا، کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔ لیگی رہنما نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف اورمریم نواز کے خلاف سیاسی انتقام کے تحت کیسز بنائے گئے ہم نےعدالتوں میں بھی سامنا کیا ، دونوں نے ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی مگر روز پیش ہوتے تھے ۔ اقامہ پرنکالا گیااس کےبعد کیس کا جو حشر ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب بتانےسے قاصر ہے کہ مریم پرالزامات کیا ہیں۔ عطا ء تارڑ نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے کہ عمران خان نے اپنے فون خود چوری کروالیے ہوں جو شخص اپنا خیال نہیں رکھ سکتا وہ ملک کا خیال کیسے رکھے گا۔