لاہور: چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ فنانشل ماڈل کی تفصیلا ت ملنے تک ہم اسے منظور نہیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے سال 27-2024 کا نیا فنانشل ماڈل تجویز کیا ہے۔اس پر نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان آئی سی سی کے نئے ریونیو ماڈل سے خوش نہیں ، نئے فنانشل ماڈل پر جون میں آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں فیصلہ ہو گا، آئی سی سی ہمیں بتائے کہ انکے پاس یہ اعدادوشمار کیسے آئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات سے ہم خوش نہیں ہیں، فنانشل ماڈل کی تفصیلا ت ملنے تک ہم اسے منظور نہیں کریں گے، آئی سی سی وضاحت دے کہ فنانس اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کےسربراہ جےشاہ نے شیئرز کاتعین کیسے کیا۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دو ٹیسٹ کھیلنے والے ملک بھی اس ماڈل سے خوش نہیں ہیں، انہوں نے بھی اس پر آئی سی سی سے وضاحت طلب کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ اصولی طور پر انڈیا کو حصہ زیادہ ملنا چاہئے، سوال یہ ہے کہ فنانشل ماڈل تیار کیسے کیا گیا۔ خیال رہے کہ آئی سی سی فنانشل ماڈل میں بھارت کو سالانہ کمائی سے 38.5 فیصد حصہ دینے کی تجویز دی گئی ہے، آئی سی سی کی سالانہ 600 ملین ڈالر میں سے 230 ملین ڈالر بھارت کو دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی کی سالانہ کمائی میں سے 41 ملین ڈالر ملنے کا امکان ہے ۔کرکٹ آسٹریلیا کو 37.53 ملین ڈالر جبکہ پاکستان کو 34.51 ملین ڈالر ملے گا۔