واشنگٹن: (ویب ڈیسک) جدید تاریخ کی سب سے بڑی اجتماعی خود کشی کی 43ویں برسی آنے والی ہے، جس میں 913 افراد کی جانیں گئیں۔ مرنے والوں میں تقریباً 300 افراد کی عمریں 17 سال یا اس سے کم تھیں، جو اپنے مذہبی رہنما جم جونز کے حکم پر زہر پی کر مر گئے۔ یہ اندوہناک واقعہ 18 نومبر 1978ء میں جنوبی امریکا میں جمہوریہ گیانا کے زرعی قصبے جونسٹاؤن میں پیش آیا۔ مرنے والے تمام افراد پیپلز ٹیمپل فرقے سے منسلک تھے۔ جم جونز نے 1950ء کی دہائی کے وسط میں انڈیانا پولس میں اپنا پہلا چرچ کھولا۔ اس وقت ان کا تعلق کسی خاص فرقے سے نہیں تھا اور اس کی کوئی مذہبی تربیت نہیں تھی۔ 1960ء میں، جم جونز کی عبادت گاہ، جسے اس وقت پیپلز ٹیمپل کہا جاتا تھا، اسے مسیح کے شاگردوں کے ساتھ منسلک کیا گیا اور 4 سال بعد جونز کو اس چرچ میں مقرر کیا گیا تھا۔ 1960ء کی دہائی کے وسط میں، وہ اور ان کی اہلیہ پیپلز ٹیمپل کو کیلیفورنیا منتقل ہوگئے اور تقریباً 100 پیروکاروں کے ساتھ یوکیہ کے باہر آباد ہوئے۔ انھیں کیہ یقین تھا کہ ان کا یہ اقدام ان کی ایٹمی ہولوکاسٹ سے حفاظت کرے گا۔ 1970ء میں جم جونز نے سان فرانسسکو میں بھی عبادت کرانا شروع کر دی اور 1972ء تک اس نے اپنی تعلیمات کی ترویج کرتے ہوئے لاس اینجلس میں بھی ایک چرچ کھول دیا۔ بعد ازاں جونز نے کیلیفورنیا کے سیاستدانوں اور صحافیوں کے ساتھ راہ ورسم اور دوستی بڑھانا شروع کر دی۔ وقت گزرنے کیساتھ ساتھ اس کے ہزاروں پیروکار بن گئے جن میں سے ایک بڑی تعداد افریقی امریکیوں کی تھی۔ کہتے ہیں کہ جم جونز کا رویہ اکثر پیروکاروں کے ساتھ انسانیت سوز ہوتا تھا۔ چرچ کے ارکان کو باقاعدگی سے ذلیل کیا جاتا، مارا پیٹا اور بلیک میل کیا جاتا تھا۔ بہت سے لوگوں کو زبردستی یا برین واش کرکے ان کی جائیداد، بشمول ان کے گھر، چرچ کو تفویض کرنے پر دستخط کروائے جاتے تھے۔ سیاہ فام ممبران اور دیگر اقلیتی گروپوں کے ارکان کو یقین تھا کہ اگر وہ پیپلز ٹیمپل چرچ چھوڑ دیتے ہیں تو انہیں حکومت کے زیر انتظام حراستی کیمپوں میں گرفتار کر لیا جائے گا۔ 1977ء میں، جب صحافیوں نے جم جونز کے طرز عمل کے بارے میں سوالات پوچھنا شروع کیے، تو وہ کئی سو پیروکاروں کے ساتھ جونز ٹاؤن چلا گیا۔ نومبر 1978ء میں، امریکی رکن کانگریس لیو ریان نے پیپلز ٹیمپل چرچ اور جونسٹاؤن کمپلیکس کی سرگرمیوں کا معائنہ کرنے کے لیے گیانا کا سفر کیا۔ وہ ان افواہوں کی تحقیقات کر رہے تھے کہ فرقے کے کچھ ارکان کو ان کی مرضی کے خلاف گرفتار اور کچھ کو جسمانی اور نفسیاتی طور پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔ اس کی شکایت امریکا میں ان کے خاندان کے افراد نے کی تھی۔ ایک ہائی پروفائل کیس میں، جان وکٹر اسٹون نامی لڑکے کے والدین نے اس کی تحویل کا مطالبہ کیا، تاہم جم جونز نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ وہ اس کا باپ ہے، بچے کو حوالے کرنے سے انکار کردیا۔ اپنے دورے کے دوران رکن کانگریس اپنے ساتھ جم جونز کے پیروکاروں کے رشتہ داروں اور صحافیوں کو بھی ساتھ لے کر آئے۔ تاہم جم جونز نے انھیں علاقے کا دورہ کرنے کی اجازت نہ دی لیکن ابتدائی مزاحمت کے بعد گروپ کو کمپلیکس میں داخل ہونے اور سیاحت کی اجازت دی گئی جہاں روزمرہ کی زندگی کی کافی اچھی تصویر پیش کی گئی۔ یہ گروپ رات بھر کمپلیکس کے باہر ٹھہرا اور اگلے دن واپس چلا گیا۔ وہاں اپنے وقت کے دوران، اس گروپ سے کم از کم 12 پیروکاروں نے رابطہ کیا جنہوں نے ان کے ساتھ امریکا واپس لے جانے کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد جب کانگریس رکن ریان امریکا واپس جانے کی تیاری کر رہے تھے تو فرقے کے کئی ارکان نے انھیں ساتھ لے جانے کا کہا۔ جب وفد واپسی کی پرواز کا انتظار کر رہا تھا، فرقہ وارانہ بندوق برداروں کے ایک گروپ نے وفد پر گھات لگا کر اُس فضائی پٹی پر فائرنگ کر دی جہاں سے ریان اور اس کی ٹیم کو روانہ ہونا تھا، جس سے ریان اور 3 صحافیوں سمیت 5 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے۔ اس شوٹنگ کے بعد جم جونز نے کمپاؤنڈ کے باہر فرقے کے ارکان کو خود کشی کرنے کے لیے ریڈیو پر پیغام بھیجا۔ اس کے فوراً بعد، اس نے کمپلیکس میں اپنا “انقلابی خود کشی” کا منصوبہ جاری کیا، جس پر اراکین ماضی میں “مشقیں” کر چکے تھے۔ سائینائیڈ اور سکون آور ادویات کے ساتھ ایک فروٹ ڈرنک تیار کیا گیا جسے فرقے کے تمام افراد کو پلا دیا گیا۔ ان میں مرد، خواتین اور بچے تک شامل تھے۔ اس اجتماعی خود کشی کے واقعے کو پڑھتے ہوئے آج بھی رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔