شیخوپورہ: ( پبلک نیوز) شیخوپورہ میں افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک سکول وین ٹرین کیساتھ ٹکرانے سے دو طالبات جاں بحق جبکہ دیگر زخمی ہو گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ شیخوپورہ کے علاقے سریانوالا کے قریب ریلوے پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ اس افسوسناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمی طالبات کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ہسپتال میں دو طالبات زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ جاں بحق ہونیوالی طالبات کی شناخت مصباح اور نورین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دوسری جانب ٹرین حادثے کے بعد اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ ریلوے حکام کی غفلت سے پیش آیا کیونکہ بار بار مطالبات اور درخواستوں کے باوجود اس جگہ پر پھاٹک نہیں لگایا گیا ہے۔ مظاہرین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹرین کو بھی روکے رکھا۔ تاہم پولیس حکام کیساتھ سے مذاکرات کے بعد اسے منزل مقصود کی جانب روانہ کر دیا گیا۔