انسانی ترقی کی معراج، 4 افراد خلا کی سیر کو نکل گئے

انسانی ترقی کی معراج، 4 افراد خلا کی سیر کو نکل گئے
فلوریڈا ( ویب ڈیسک ) خلا کی سیر کرنے کیلئے دنیا کی تاریخ میں پہلی بار سپیس ایکس کا خلائی کیپسول اپنے تین روزہ سفر پر روانہ ہو گیا ، ایلون مسک کی سپیس ایکس کمپنی کا یہ خلائی کیپسول فلوریڈا سے روانہ ہو گیا ، اس سفر میں ارب پتی اسحاق مین کے ساتھ تین دیگر مسافر بھی شامل ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق انسانی تاریخ کا ایک یادگار لمحہ اپنے پہلے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جب پہلی بار ایک سویلین خلائی پرواز فلوریڈا سے سیر و سیاحت کی غرض سے خلا کی طرف روانہ ہو گئی ہے، اسپیس ایکس کے فلوریڈا کے کیپ کینویرل اسپیس سٹیشن سے یہ پرواز امریکی وقت کے مطابق رات 12 بج کر تین منٹ پر روانہ ہوئی۔ https://twitter.com/kendisgibson/status/1438293325816078337 اس سفر میں جانے والوں میں سیاہ اور سفید خلائی سوٹ میں ملبوس 38 سالہ اسحاق مین، 51 سالہ شیان پراکٹر ، 29 سالہ ہیلی آرسینو اور 42 سالہ کرس سیمبروسکی شامل ہیں، جس خلائی جہاز میں یہ سفر شروع ہوا یہ فالکن 9 راکٹوں کی سیریز میں سے ہے ، اسے خلائی کیپسول کا نام دیا گیا ہے ، خلا میں جانے والی دنیا کی یہ پہلی سویلین پرواز تین روز بعد زمین پر واپس آجائے گی۔ ایلون مسک کے اسپیس ایکس کے لیے یہ پہلا خلائی سیاحتی سفر ہے ، اور اسےحریفوں سے بہت آگے کی چھلانگ قرار دیا جا رہا ہے ، سپیس ایکس راکٹ جہازوں پر سفر کیلئے دنیا کے ایسے امیر گاہکوں کو پیشکش کرتا ہے جو تفریح ​​کے لیے پیسے دینا چاہتے ہیں اور خلائی سفر کی ہمت بھی رکھتے ہیں۔ ٹائم میگزین کے مطابق اسحاق مین نے اس خلائی سفر کیلئے سپیس ایکس کو 200 ملین ڈالر کی رقم ادا کی ہے ، اس میں باقی تین مسافروں کی نشستیں بھی شامل ہیں جنہیں اسحاق مین نے اپنا ہمسفر بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔