امریکی شکاری رانالڈ نے چترال میں  مارخور کا رواں سیزن کا پہلا شکار کرلیا

امریکی شکاری رانالڈ نے چترال میں  مارخور کا رواں سیزن کا پہلا شکار کرلیا

(ویب ڈیسک ) امریکی شکاری رانالڈ جیو وہنٹن نے چترال میں واقع تھوشی شاشہ کمیونٹی منیجڈ گیم ریزرو میں پاکستان کے قومی جانور کشمیر مارخور کا رواں سیزن کا پہلا شکار کر لیا ہے۔

امریکی شکاری رانالڈ جوئے وہنٹن  نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی بولی لگا کر کشمیر مارخور کے شکار کا پرمٹ حاصل کیا تھا۔

ڈویژنل فارسٹ آفیسر (وائلڈ لائف) چترال فاروق نبی کے مطابق امریکی شکاری نے اس شکار کے لیے پرمٹ رواں برس اکتوبر میں کھلی بولی میں ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی رقم  یعنی دو لاکھ 71 ہزار ڈالر (ساڑھے سات کروڑ سے زائد روپے) ادا کر کے حاصل کیا تھا۔

مذکورہ شکاری نے یہ شکار اتوار کو تھوشی شاشہ مارخور کنزرونسی میں وائلڈ لائف حکام کے زیرنگرانی کیا۔

فاروق نبی نے بتایا کہ شکار کیے گئے مارخور کے سینگوں کا سائز 49.5 انچ ہے۔

ڈی ایف او کے مطابق شکار کیے گئے مارخور کی عمر 11 سال تھی۔

خیال رہے رواں برس اکتوبر میں محکمہ جنگلی حیات خیبر پختونخوا نے صوبے کو الاٹ کیے گئے مارخور کے شکار کے چار پرمٹس نیلام کیے تھے۔

اس نیلامی میں چترال کے تھوشی ون کنزرونسی اور تھوشی ٹو کنزرونسی کے دونوں پرمٹ ریکارڈ دو لاکھ 71 ہزار فی پرمٹ کے حساب سے فروخت ہوئے تھے۔  

کوہستان کے علاقے کیگا کی کنزرونسی میں مارخور کے شکار کا ایک پرمٹ ایک لاکھ 81 ہزار ڈالر سے زائد میں فروخت ہوا تھا۔

گہریت گول چترال کی کمیونٹی منیجیڈ گیم ریزرو میں مارخور کے شکار کا واحد پرمٹ ایک لاکھ 80 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔

Watch Live Public News