پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھنے پر پورا پاکستان سراپا احتجاج نظر آ رہا ہے۔ قریباً 5 روپے فی لیٹر کے حساب سے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جس پر حکومتی عہدیدار مختلف تاویلیں پیش کرتے نظر آتے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ خطہ میں پاکستان اب بھی دیگر ممالک کی نسبت پٹرولیم مصنوعات سستی مہیا کر رہا ہے۔ مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں سب سے مہنگا پٹرول کس ملک میں مل رہا ہے اور سب سے سستا کس ملک میں؟ دنیا میں سب سے سستا پٹرول عمومی طور پر خلیجی ممالک میں سمجھا جاتا ہے جو درست نہیں بلکہ بر اعظم جنوبی امریکہ کا ملک وینزویلا وہ واحد ملک ہے جس میں سستا ترین پٹرول مل رہا ہے۔ وینزویلا میں پٹرول کی قیمت اس وقت پاکستانی کرنسی کے حساب سے 3 روپے 36 فی لیٹر بنتی ہے۔ وینزویلا قدرتی خزانوں سے مالا مال ہے اور تیل و گیس وہاں پر وافر مقدار میں موجود ہے۔ اس کے بعد پاکستان کے ہمسایہ ملک ایران کا نمبر آتا ہے جہاں پر پٹرول پاکستانی کرنسی کے حساب سے 10 روپے 8 فی لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ شام پٹرول کی قیمت 38روپے 79 پیسے فی لیٹر ہے۔ اگر دنیا میں سب سے مہنگا پٹرول بکنے کی بات کریں تو اس حوالے سے ہانگ کانگ سب سے آگے ہے جہاں پر پیٹرول پاکستان کرنسی کے حساب سے 426 روپے لیٹر قیمت بنتی ہے۔ اس کے بعد یورپی ملک نیدرلینڈز کا نمبر آتا ہے۔ نیدر لینڈ میں پٹرول پاکستانی کرنسی کے حساب سے 367روپے 24 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔