وزیر اعظم شہباز شریف نے ثمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سیلاب کے بعد ترکیہ کی طرف سے یکجہتی اور فراخدلی سے تعاون کرنے پر صدر اردوان اور ترک عوام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترک عوام اور حکومت کی حمایت دونوں ممالک کے درمیان دیرپا اور دہائیوں پر محیط دیرینہ تعلقات کی عکاس ہے۔ وزیراعظم نےترکیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان "ٹریڈ ان گُڈز" کے حالیہ معاہدے پر دستخط کا خیر مقدم کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک ترک معاہدہ دو طرفہ تجارت، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان کثیر جہتی تعلقات کو مزید بڑھانے کے لیے روابط برقرار رکھنے اور اعلیٰ سطح کے تبادلے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔