پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 7 فیصد نمو ریکارڈ

پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 7 فیصد نمو ریکارڈ
ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ جولائی اور اگست کے دوران سالانہ بنیادوں پر7 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ (جولائی تا اگست) پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 3.302 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 7 فیصد زیادہ ہے۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 3.087 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق اگست کے مہینہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 6 فیصد جبکہ جولائی کے مقابلہ میں ماہانہ بنیادوں پر 30 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ اگست میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کا حجم 1.866 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جولائی میں 1.436 ارب ڈالر اور گذشتہ سال اگست میں 1.757 ارب ڈالر تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں خام پٹرول کی درآمدات کا حجم 905 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 10 فیصد زیادہ ہے۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خام پیٹرول کی درآمدات کا حجم 819 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جولائی سے لے کر اگست تک کی مدت میں ایل این جی کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر تین فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی مدت میں ایل این جی کی درآمدات کا حجم 629 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 651 ملین ڈالر تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق ایل پی جی کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 42 فیصد کی نمو دیکھنے میں آئی ہے۔ جولائی سے لے کر اگست تک کی مدت میں ایل پی جی کی درآمدات کا حجم 109 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 77 ملین ڈالر تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔