شبلی فراز اور شوکت ترین نے وزاتوں کا حلف اٹھالیا

شبلی فراز اور شوکت ترین نے وزاتوں کا حلف اٹھالیا

ایوان صدر اسلام آباد میں وفاقی وزرا کی حلف برداری کی تقریب ہوئی، جس میں کابینہ میں شامل ہونے والے شوکت ترین اور شبلی فراز سے صدر مملکت عارف علوی نے حلف لیا۔

شوکت ترین نے وفاقی وزیرخزانہ و محصولات کے طور پر حلف اٹھایا۔ سینیٹر شبلی فراز نے بطور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی حلف اٹھایا۔

یاد رہے کہ  وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کا اعلان وزیر اعظم عمران خان نے چند روز قبل کیا تھا۔ وزیر خزانہ کا قلمدان حماد اظہر سے لیکر شوکت ترین کو دیدیا گیا ہے جبکہ شبلی فراز کی جگہ فواد چودھری کو نیا وزیر اطلاعات مقرر کیا گیا ہے. شبلی فراز کو سائنس و ٹیکنالوجی کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ خسرو بختیار کو صنعت و پیداوار کا قلمدان دیدیا گیا ہے، جبکہ حماد اظہر کو وزارت توانائی کا چارج سونپ دیا گیا ہے. اس کے علاوہ عمر ایوب سے بھی وزیر توانائی کا چارج لیکر انہیں وزیر اقتصادی امور بنا دیا گیا ہے۔

 واضح  رہے کہ  وزیراعظم اپنے صوابدیدی اختیارات کے تحت کسی بھی شخص کو 6 ماہ کے لیے وزیر مقرر کرسکتے ہیں اور انہی اختیارات کے تحت شوکت ترین کو وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں لہٰذا مستقبل میں انہیں سینیٹر بنانے یا الیکشن لڑانے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔