اسلام آباد ( پبلک نیوز ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار منا رہی ہے۔ ایسٹر کے موقع پر گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا ہے، ویٹی کن میں بھی دعائیہ تقریب کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی خوشیوں کی مبارک باد دی اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ان کا کہنا تھا کہ حضرت مسیح ؑ سے والہانہ محبت وعقیدت مسیحیوں اور مسلمانوں کے درمیان ایک بہت بڑی قدر مشترک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری نے قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان تک ہر مرحلے پر تاریخی کردار ادا کیا ہے اور مسیحی برادری نے پاکستان میں تعلیم، صحت ، دفاع سمیت تمام شعبوں میں غیرمعمولی خدمات انجام دی ہیں ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مسیحی برادری سمیت تمام غیرمسلم پاکستانی ہمارا قابل فخر اثاثہ اور قوت ہیں اور ہم اپنے غیرمسلم پاکستانیوں کی ترقی، بہبود اور آئینی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کا عزم رکھتے ہیں وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس تہوار پر پاکستان کی ترقی، دنیا میں امن ومحبت کے فروغ، تنازعات اور نفرتوں کے خاتمے کی خصوصی دعا کی اپیل کرتا ہوں۔