راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج کی طاقت عوام ہیں، عوام اور فوج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوششوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور چھاونی کا دورہ کیا، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبد العزیز نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سی ایم ایچ میں میجر حارث کی عیادت کی۔ میجر حارث کو چند روز قبل بد سلوکی کا نشانہ بنایا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قانون اپنا راستہ بنائے گا،زیر حراست ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ لاہور چھاونی میں آرمی چیف نےفوجی افسروں اور سابق افسروں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، آرمی چیف نے لاہور کور کی اعلی ترین آپریشنل تیاریوں اور معیاری تربیت کو سراہا ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ریاست کو پروپیگنڈا اور غلط اطلاعات سے لاحق خطرات سے بچانے کے بروقت اور متحدہ ردعمل ضروری ہے، قیاس آرائیوں اور افواہوں کا موثر مقابلہ کرنے کے لئے بروقت ردعمل ضروری ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوج کی طاقت عوام ہیں، عوام اور فوج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوششوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، دشمن قوتیں بڑے عرصے سے دراڑ ڈالنے کی کوشش میں ہیں،انشاءاللہ وہ ناکام ہوں گی۔