کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 26 ویں روزے کی سحری گلزار ہجری اسکیم 33 میں عوام کے درمیان کی ، جہاں لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ، ان کی آمد پر انہیں سندھی ٹوپی ، اجرک اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔ اس موقع پر کامران ٹیسوری کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہر کی سڑکیں خراب ہیں وہ ٹھیک کرنی ہیں، گذشتہ روز سحری کے بعد گلشن معمار سے گورنر ہاؤس واپس جارہا تھا تو ایک ایک سڑک دیکھ رہا تھا، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں ، وہ کنٹریکٹر کہاں ہیں جو اربوں کے کنٹریکٹ لے کر سورہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کل ڈی جی آڈٹ کو بلاؤں گا کہ وہ آڈٹ کریں کہ 3 سالوں سے سڑکیں کیوں نہیں بنیں ؟ ان کا کنہا تھا کہ خدارا کم سے کم تنخواہ 50ہزار کردیں ، سی ایم صاحب نیک نیت انسان ہیں مجھے امید ہے وہ کام کریں گے ۔ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ نوجوان کو گٹکا ، ماوے ، شیشہ پر احساس محرومی نے لگایا ہے ، بچوں کو جو لوگ ان نشوں پر لگارہے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سی ایم کو گورنر ہاؤس میں افطار کرنے کی دعوت دی تھی لیکن وہ طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے نہیں آسکے۔ کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس میں عید کے روز لنچ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ، پورے کراچی کو دعوت ہے، لنچ کے ساتھ عید ملن پارٹی کی اور ساتھ میں قوالی بھی ہوگی ۔