اسلام آباد: قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے فراہم کرنے کی ڈیمانڈ مسترد کردی . تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی نے پنجاب میں انتخابات کےلیے فنڈز کی فراہمی کے معاملے پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ منظور کرلی ہے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے رپورٹ منظور کرنے کی تحریک پیش کی تھی ، قائمہ کمیٹی نے قومی اسمبلی کی منظوری کے بغیر فنڈز جاری نہ کرنے کی سفارش کی تھی۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ازخود نوٹس سے شروع ہونے والے مقدمے میں دو جج صاحبان الگ ہو گئے، چار جج صاحبان نے پیٹیشن مسترد کر دی، اتنی معاشی مشکلات کے باوجود کسی ایک شخص کو خوش کرنے کے لیے الیکشن کروانے کا فیصلہ دیا گیا، اس ایوان نے پورے ملک میں ایک ہی روز الیکشن کروانے کی قرارداد منظور کی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سٹیٹ بینک سے کونسولیڈڈیٹڈ فنڈ سے رقم نکالنے کا حکم دیا تھا، آج قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے معاملہ پر غور کیا، وفاقی کابینہ اور قائمہ کمیٹی نے معاملہ اس ایوان کو بھیج دیا کیونکہ یہ اختیار اس ایوان کا ہے۔