ویب ڈیسک: ایرانی صدر کا انتہائی اہم پاکستانی دورہ کنفرم ہوگیا۔ ایرانی صدر 22 اپریل کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کا 2 روزہ سرکاری دورہ کررہے ہیں۔ ابراہیم رئیسی 22 سے 23 اپریل تک پاکستان کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا 22اپریل کو نور خان ایئربیس پر پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ڈی ایم حکومت کے دوران ایرانی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔ تاہم اس وقت پاکستانی حکومت کا دورانیہ ختم ہونے اور ایرانی صدر کی مصروفیات کے باعث ممکن نہیں ہوسکا تھا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ حسین امیر نے جنوری میں دورہ پاکستان کے دوران صدر ابراہیم رئیسی کے دورے کی تصدیق کی تھی۔ ایرانی فسٹ لیڈی ڈاکٹر جمیلہ علم الہدی بھی وفد کے ہمراہ ہوں گی۔ ایرانی فسٹ لیڈی نمل یونیورسٹی اسلام آباد میں 3روزہ کلچرل پروگرام کی مہمان خصوصی ہوں گی۔
بتایا گیا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کے وفد میں 7 ایرانی وزراء شامل ہوں گے۔ ایرانی وفد میں وزیر خارجہ، وزیر پیٹرولیم ، وزیر کلچر، وزیر اکانومی سمیت دیگر وزراء شامل ہوں گے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی قیادت میں وفد لاہور اور کراچی بھی جائے گا۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اکانومی، سیکیورٹی اور کلچرل ایشوز سمیت منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
یاد رہے کہ پاک ایران کشیدگی کے بعد ایرانی قیادت کا یہ پہلا پاکستانی دورہ ہے۔