غیرملکی خواتین سیاحوں سے بدتمیزی، 4 ملزمان گرفتار

غیرملکی خواتین سیاحوں سے بدتمیزی، 4 ملزمان گرفتار
جشن آزادی کے موقع پر غیرملکی خواتین سیاحوں سے بدتمیزی کرنے اور ہراساں کرنے پر پولیس نے اس واقع میں ملوث 4مرکزی ملزمان کو گرفتارکرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے چار مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، ویڈیوزمیں نظر آنے والے دیگر ملزمان کی نادرا کے ذریعے شناخت کی جارہی ہے.پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ویڈیوز بھی برآمد کرلی گئیں ہیں۔ گرفتار ملزمان میں عدیل کریم، سجاد احمد، ذاکراللہ اور ریاض خان شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان ٹیکسلا کے رہائشی ہیں جن سے تفتیش کی جاری ہے۔ اسلام آباد کے علاقے شکرپڑیاں کے مقام پر خواتین سمیت 3 غیرملکی سیاحوں کو ہراساں کرنے کے واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ میں درج کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کے سیاحتی مقام شکر پڑیاں میں دو خواتین سمیت 3 غیر ملکی سیاحوں کو اوباش نوجوانوں کی جانب سے گھیرنے کی ویڈیو ٹک ٹاک پر 14 اور 15 اگست کی رات اپ لوڈ کی گئی تھی ایسا لگتا ہے کہ واقعہ 14 اگست کو پیش آیا تھا۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میں دونوں خواتین انتہائی پریشانی اور خوف کے عالم میں نظر آرہیں تھیں، ویڈیو میں کچھ نوجوان خواتین کو گھیرے ہوئے تھے جبکہ وہاں موجود چند نوجوانوں کی جانب سے خواتین کو بچانے کی بھی کوشش کی گئی۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا، واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق یہ ایک افسوس ناک اور مجرمانہ فعل ہے، ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو اس کی بھرپور مذمت کرنے کی ضرورت ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔