ویب ڈیسک: کرکٹ کے مایہ ناز لیجنڈ سرویون رچرڈز نے کہا ہے کہ محمد عامر کے پاس تجربہ ہے لیکن وہ نہیں جانتے کہ وہ نسیم شاہ کی طرح تیز ثابت ہوں گے یا نہیں؟
کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مینٹور سر ویون رچرڈز نے میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے لئے دوبارہ آنے پر خوش ہوں۔ دوبارہ دوستوں اور کھلاڑیوں سے مل کر خوش ہوں۔ اس سیزن میں بھی اور آنے والے سیزن کے لئے بھی کوئیٹہ گلیڈی ایٹر کی اچھی پرفامنس کے لئے پرامید ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں سرفراز احمد کا بہت بڑا فین ہوں۔ یقینی طور پر سرفراز احمد ٹیم کے لئے اچھا پرفارم نہ کرنے کی وجہ سے دباؤ میں تھا۔ نئے کپتان کے آنے سے سرفراز کو فائدہ ہوگا۔ میں نے سرفراز کو کہا ہے کہ اب بیٹ سے خود کو اچھا ثابت کرنے کا موقع ہے۔ مجھے امید ہے کہ سرفراز کا ٹورنامنٹ اچھا ہوگا۔
سرویون رچرڈز نے مزید کہا کہ محمد عامر جیسے انفرادی کھلاڑی ایسے ہیں جن کی میں ہمیشہ تعریف کرتا ہوں۔ عامر کا کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم میں شامل ہونے کے لئے پرجوش ہوں۔ محمد عامر کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے لئے کلاس ثابت ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ فرنچائز کرکٹ میں کھلاڑی ایک ٹیم سے دوسری ٹیم میں جاتے رہتے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے پاس ایک تجربہ کار کھلاڑی آیا ہے۔ مجھے نہیں پتا کہ وہ نسیم شاہ کی طرح تیز ثابت ہو گا یا نہیں لیکن عامر کے پاس تجربہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو کچھ برسوں سے کامیابی نہیں ملی تھی ایسے میں تبدیلی بہتر ثابت ہوسکتی ہے۔ تبدیلیاں کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ میرے نزدیک کوئٹہ گلیڈی ایٹر ایک بہت اچھی ٹیم بنی ہوئی ہے۔