بلدیاتی الیکشن: جماعت اسلامی کا آج ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

بلدیاتی الیکشن: جماعت اسلامی کا آج ملک بھر میں احتجاج کا اعلان
کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کےخلاف جماعت اسلامی نے آج ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی میں ہونے والے 15 جنوری بروز اتوار کے بلدیاتی الیکشن کے نتائج میں تاخیر اور ردوبدل کے خلاف جماعت اسلامی نے آج بروز منگل 17 جنوری کو ملک کے بڑے شہروں میں احتجاج اور مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا نمائندگان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ کراچی بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی بڑی پارٹی بن کر سر فہرست آ چکی ہے، پولنگ ایجنٹوں کے نتائج واضح ہیں کہ جماعت اکثریت میں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج میں تاخیر شکوک و شبہات بڑھا رہے ہیں ۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ دیگر جماعتوں کے انتخابی نتائج میں بھی ردوبدل کیا جا رہا ہے ، میں اپیل کرتا ہوں کہ ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں ۔ دوسری جانب سراج الحق کی جانب سے آج بروز منگل کو مرکزی پارٹی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل بھی دیا جائے گا ۔ اجلاس لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر منصورہ میں ہوگا ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔