پیپلزپارٹی سندھ کی واحد سب سے بڑی جماعت ہے،بلاول بھٹو

پیپلزپارٹی سندھ کی واحد سب سے بڑی جماعت ہے،بلاول بھٹو
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد باضابطہ ثابت ہوگیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کی واحد سب سے بڑی جماعت ہے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے نام نہاد مقبول لیڈروں کا پول بھی کھول دیا ہے ،بلدیاتی انتخابات کے بعد یہ ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کی واحد سب سے بڑی جماعت ہے ، کراچی اور حیدرآباد کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے جیالے امیدواروں کو ووٹ دے کر منتخب کیا ہے ۔ بلاول ہائوس سے جاری بیان کےمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی وفاق کی زنجیر ہے اور ملک کے تمام طبقات پر مشتمل کراچی میں پی پی کی جیت پورے ملک کی فتح ہے ،کراچی اور حیدرآباد کی ترقی کے لئے تمام سیاسی اکائیوں کا مل کر کام کرنا عوام کی خوش حالی کی بھی وجہ بنے گا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عوام نے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو منتخب کرکے سندھ حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،جئے بھٹو کے نعروں سے گونجتے کراچی اور حیدرآباد نے نفرت کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کردیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخاب جیتنے والے تمام جیالے امیدواروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔ واضح رہے کہ کراچی میں سب سے زیادہ یونین کونسل چیئرمین پیپلزپارٹی کے کامیاب ہوئے ہیں دوسرے نمبر پر جماعت اسلامی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔