بنوں کینٹ حملے میں شہید جوان آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

بنوں کینٹ حملے میں شہید جوان آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
کیپشن: بنوں کینٹ حملے میں شہید جوان آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

ویب ڈیسک: بنوں کینٹ حملے میں شہید فوجی جوانوں کو آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 15 جولائی 2024 کو بنوں کنٹونمنٹ پر دہشت گردوں کے خود کش حملے کے نتیجے میں شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہونے والے پاک فوج کے نائب صوبیدار محمد شہزاد شہید، حوالدار شہزاد احمد شہید، حوالدار ظل ِحسین شہید، سپاہی ارسلان اسلم شہید، سپاہی اشفاق حسین خان شہید، سپاہی سبحان مجید شہید، سپاہی امتیاز خان شہید اور فرنٹئیر کانسٹبلری کے لانس نائیک سبز علی خان شہید کو آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

شہداء کی نماز جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئرافسران، جوانوں، شہداء کے لواحقین اور عمائدین علاقے کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مادرِ وطن سے دہشت گردی کی لعنت اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی، شہداء کی یہ عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی جانب سے ہیلتھ مرکز پر حملے میں 5 شہری اور سپاہی شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں رورل ہیلتھ سینٹر کری شموزئی پر بزدلانہ حملہ کیا، دہشت گردوں نے رورل ہیلتھ سینٹر کے عملے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے دو لیڈی ہیلتھ ورکرز، دو بچے اور ایک چوکی دار سمیت پانچ بے گناہ شہری شہید ہوگئے۔

اس سے قبل بنوں چھاؤنی پر خودکش حملے میں پاک فوج کے 8 جوان شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 10 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 15 جولائی کی صبح 10 دہشت گردوں کے ایک گروہ نے بنوں چھاوٴنی پر حملہ کیا اور چھاوٴنی میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

Watch Live Public News