خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے 2 مختلف آپریشنز میں 8 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید

 خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے 2 مختلف آپریشنز میں 8 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے 2 مختلف آپریشنز میں 8 خوارج ہلاک ہوگئے،خوارج کے خلاف کارروائیوں میں پاک فوج کے  2 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے خلاف آپریشن 29 نومبر سے یکم دسمبر کو کیے گئے، خوارج کی موجودگی کی اطلاع پربنوں کے علاقے بکاخیل میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام پر مؤثر انداز میں کارروائی کی، آپریشن میں 5 خوارج ہلاک اور 9 زخمی ہوئے،خوارج کے خلاف آپریشن میں سپاہی افتخار حسین نے بہادری سے لڑتے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے شگئی میں ایک اور کارروائی کی جس میں 3 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ 2 کو سکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا،شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران  آپریشن کی قیادت کرنے والے کیپٹن محمد زوہیب الدین نے جام شہادت نوش کیا۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ کیپٹن محمد زوہیب شہید نے 3 سال سے زائد عرصے تک پاک فوج میں دفاع وطن کے فرائض سرانجام دیے، انہوں نے سوگواران میں والدین چھوڑے ہیں۔

ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی افتخار حسین شہید نے 8 سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کے فرائض سرانجام دیے، انہوں نے سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی  چھوڑے ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع بنوں اور خیبر میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، صدر مملکت نے دو مختلف کاروائیوں کے دوران آٹھ خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا ۔
کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے کیپٹن محمد زوہیب الدین اور سپاہی افتخار حسین کو خراج عقیدت پیش کیا ،صدر مملکت نے دفاع وطن کی خاطر بڑی قربانی پیش کرنے پر شہداء کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا ۔

اپنے بیان میں کہا کہ ملکی سلامتی کی خاطر شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پوری قوم مادر وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی، صدر مملکت کا دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی رہے گی، صدر مملکت نے شہداء کے لیے بلندی درجات، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی خیبر پختونخوا کے اضلاع بنوں اور خیبر میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی، وزیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد زہیب الدین اور سپاہی افتخار حیسن کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم کاکہنا تھا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے،پاک فوج کے افسران و اہلکار اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ملک کی دشمنوں سے حفاظت میں مصروف عمل ہیں،مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں پر فخر ہے. 
پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی،دہشتگردوں اور ملک دشمنوں کے پاکستان میں انتشار کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے. 

Watch Live Public News