لاہور ( پبلک نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ظل سبحانی دوئم نے جس طرح ڈھٹائی دیدہ دلیری سے اپنے تمام گناہ حکومت وقت کی جھولی میں ڈال دئیے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔
پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار ان کا گند صاف کرنے میں مصروف عمل ہیں کوئی ادارہ شر سے محفوظ نہیں رہا۔ ہر ادارے کو گدھ بن کر نوچا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ دیدہ دلیری سے عوام کے سامنے مگر مچھ کے آنسو بہائے۔ اپنے بھائی کے گرینٹراور بڑی عدالت کو مطلوب اشتہاری قرار دئیے جا چکے ہیں عوامی مسائل کے بجائے نواسے کے پولو میچ کو انجوائے کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ شہبازشریف کی فلم میں کامیڈی ایکشن اور آب بیتی کی داستان بھی تھی۔ سپیکر ایوان میں شیشہ لگاتے گریبان میں جھانکنے کی رولنگ بھی دیتے کہ مسائل کو کس نے پیدا کیا۔ ملک کو شرائط پر رکھ کر دل پشوری والا کون سا خاندان تھا۔ رائے ونڈ ماڈل ٹائون کا ہیڈ کوارٹر قبضہ گروپ منشیات فروش منی لانڈرنگ ڈکیت ہر جرم کی آبیاری و نگہبانی اسی ہیڈ کوارٹر سے ہوتی رہی۔
فردوس عاشق اعوان نے واضح کیا کہ قومی خزانہ جو درباریوں و حواریوں پر لٹایا وزیر اعظم نے قوم کی پائی پائی اکٹھاکرکے نگہبانی کے فرائض سرانجام دئیے۔ پنجاب کے بارہ سو ارب روپے کے خسارے والا اب ترپن ارب سرپلس میں بجٹ پیش ہوا ملکی تاریخ میں پہلی بار اگر اورنج ٹرین کو نکال دیں تو ریکارڈ ترقی یافتہ عوامی پروگرام ہیں۔ پنجاب میں دو نہیں ایک پاکستان کو عثمان بزدار نے عملی تعبیر دی۔ پینتیس فیصد بجٹ جنوبی پنجاب کےلئے مختص کیا جو وعدہ پورا کیا گیا۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ پنجاب کے بجٹ میں عوام کا درد کا علاج کیاگیا ہے۔ اپوزیشن کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں کیونکہ حکومت عوام دوست بجٹ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔ صحت تعلیم خواتین اقلیت سمیت ہر شعبہ کی ترقی کی ضمانت بجٹ میں دیدی گئی ہے۔ غنڈہ گردی کرکے جہاز اور سیٹیاں بجاکر پارلیمانی اقدار کی پامالی کی گئی۔ پنجاب اسمبلی کو پہلوان کے اکھاڑے میں بدلا گیا۔