لاہور (پبلک نیوز) کورونا وباء پرقابو پانے کیلئے پنجاب حکومت کا ویکسینیشن تیز کرنے کا فیصلہ، فیصلہ لاک ڈاؤن کے بعد کورونا وباء کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منعقد اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹریاسمین راشد، چیف سیکرٹری پنجاب اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ حکومت کو لاک ڈاؤن کے باعث کاروباری افراد کے مالی نقصان کا مکمل ادراک ہے۔ تاجر برادری مارکیٹوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی حکومتی کوششوں کا ساتھ دے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کا مثبت نتیجہ سامنے آرہا ہے۔ صوبے میں ویکسینیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ کورونا سے تحفظ کیلئے پنجاب میں 4کروڑ کے قریب آبادی کو ویکسیئن لگانا ہوگی۔
چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر زیادہ خطرناک ثابت ہورہی ہے۔ شہری احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ24گھنٹوں میں 97ہزار سے زائد افراد کو ویکسیئن لگائی گئی۔