اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں پرائمری کلاسز فوری بند کرنے کا حکم دیدیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہیٹ ویوو کے خطرے کے باعث اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں میں پرائمری کلاسز فوری بند کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے ، پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے تمام نجی تعلیمی اداروں کو آگاہ کر دیا ہے۔ پیرا نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ چھٹی سے اوپر تمام کلاسز کا دورانیہ 8 سے 11 کر دیا گیا،تمام نجی تعلیمی اداروں کو ایڈوائزری پر مکمل عملدرآمد کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں میں پرائمری کلاسز بھی فوری بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے، وفاقی نظامت تعلیمات نے تمام تعلیمی اداروں کو آگاہ کر دیا ہے۔ ایف ڈی ای نوٹیفکیشن کے مطابق چھٹی سے اوپر تمام کلاسز کا دورانیہ 8 سے 11 کر دیا گیا، ایریا ایجوکیشن افسران کو تعلیمی اداروں کو ایڈوائزری پر مکمل عملدرآمد کروانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔