وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی نائب وزیر داخلہ کی ملاقات

وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی نائب وزیر داخلہ کی ملاقات
اسلام آباد: سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ عزت مآب ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے آج اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے گزشتہ سال کے شدید سیلاب کے دوران امداد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے تعاون فراہم کرنے پر سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا ۔ وزیراعظم نے "روڈ ٹو مکہ" پراجیکٹ میں پاکستان کو شامل کرنے پر سعودی عرب کی حکومت کو سراہا. روڈ ٹو مکہ" پراجیکٹ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے حج پر جانے کے خواہشمند پاکستانی حجاج سہولیات فراہم کرے گا۔ سعودی عرب اور ایران کے مابین تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے حالیہ معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ اس سے علاقائی امن اور سلامتی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ سعودی نائب وزیر داخلہ نے ان کی اور ان کے وفد کی مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات تاریخی ہیں ۔ انہوں نے پاکستانی وزراء برائے داخلہ، مذہبی امور اور انسداد منشیات کے ساتھ مفید ملاقاتوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کو اگلے سال سے لاہور اور پشاور تک بھی بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔